گردوارہ پنجہ صاحب پربیساکھی میلہ مذہبی جوش و جذبےکے ساتھ ختم ہوگیا۔ملک کے مختلف حصوں ، بھارت اور دنیابھر سے آنے والے سکھ یاتری اپنے عظیم پیشوابابا گرو نانک کےامن،انسانیت،برداشت اور محبت کے پیغام کے ساتھ رخصت ہوئے ۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی گردوارہ پنجہ صاحب کےگردوارے پر پاکستان ،بھارت ،امریکا ،کینیڈا اور یورپ سے سکھ یاتری آئے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور چیئر مین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے بھی بابا گرو نانک کے رب العالمین پر یقین کامل اور خدمت خلق کے واحد نصب العین پر روشنی ڈالی۔
روایت ہے کہ بابا گرو نانک نے اپنی روحانی طاقت سے ایک چٹان کے سینے سے ٹھنڈے پانی کا چشمہ نکالا جو آج بھی موجود ہے ، ان کی تعلیمات کا چشمہ بھی پنجہ صاحب کے اس احاطے کے طول و عرض سے جاری و ساری ہے ۔
سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ملنے والی بے لوث محبت اور بہترین انتظامات نے بیساکھی میلے کی خوشیوں کو چار چاند لگا دئیے۔