حکومت کی چیئرمین سینیٹ کو وفاقی وزرا کی ایوان بالا میں حاضری یقینی بنانے اور سوالوں کا بروقت صحیح جواب دینے کی ٹھوس یقین دہانی کے بعد سینیٹ کا اجلاس آج شام 4 بجے ہو گا، میاں رضا ربانی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں وزیر اعظم تحریری ہدایات پیر کے روز جاری کریں گے۔ چیئرمین سینٹ کا احتجاج ختم کرانے کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کی ہدایت پررضا ربانی سے ایک دن میں چار ملاقاتیں کیں اور انہیں یقین دلایا کہ نہ صرف وزرا ایوان میں آئیں گے بلکہ پوچھے گئے تمام سوالوں کا بروقت اورصحیح جواب دیں گے اورایوان میں التو ا کا شکار 11 ترمیمی بلوں پر بھی بحث شروع کرائی جائے گی ۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ایوان میں موجود تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور سینیٹ اجلاس سوموار کو طلب کر لیا ، سینیٹ سیکریٹریٹ نے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا ہے۔