امریکی مشیر برائے قومی سلامتی میک ماسٹر نے وزیراعظم نواز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف سے قومی سلامتی میک ماسٹر کی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات ،خطے اور افغانستان کی صورتحال سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل امریکی مشیر برائے قومی سلامتی میک ماسٹر نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزرات خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ،سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے شرکت کی ۔
ذرائع کے مطابق مشیر خارجہ نے میک ماسٹر کو پاک ، بھارت تعلقات، کشمیر میں بھارتی مظالم، پاکستان میں بھارتی مداخلت اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور پاکستان دشمن سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔