سپریم کورٹ نے مشال خان قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے سے روک دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جب تحقیقاتی ٹیم کام کر رہی ہے تو جوڈیشل کمیشن کی کیا ضرورت ہے۔ کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔
سپریم کورٹ میں مشال خان قتل کے ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان ،جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے کی۔ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو ہفتہ وار رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروانےکی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس پاکستان ، جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ جب تحقیقاتی ٹیم کام کر رہی ہے تو جوڈیشل کمیشن کی کیا ضرورت ہے؟ چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن کے لیے خط لکھنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے وضاحت طلب کر لی۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ 80 فیصد تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جلد تحقیقات مکمل کر کے چالان پیش کریں گے۔
آئی جی پولیس نے عدالت سے درخواست کی کہ ماتحت عدالت میں مقدمے کی جلد ہدایت جاری کی جائے ۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا فکر نہ کریں پوری عدالت اور قوم آپ کے ساتھ ہے، مقدمے میں مکمل انصاف ہو گا۔