لاہور: آئی سی سی اجلاس میں شریک نہ ہونے کے باوجود نجم سیٹھی سوشل میڈیا پر اہم فیصلوں کا انکشاف کرتے رہے۔
دبئی میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں پی سی بی کی نمائندگی کیلیے چیئرمین شہریار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد گئے تھے، نجم سیٹھی صرف بدھ کو ٹاسک فورس میٹنگ میں پی ایس ایل فائنل سیکیورٹی رپورٹ پر گفتگو کیلیے شریک ہوئے تھے، کونسل کے باضابطہ اعلان یا دیگر بورڈ عہدیداروں کی جانب سے کسی اطلاع ملنے سے قبل ہی وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بگ تھری کے حوالے سے ’’خوشخبریاں‘‘ سنانے کیلیے سرگرم تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ باقاعدہ اجلاس کا حصہ نہ ہونے کے باوجود ان کی جانب سے ’’پیغام رسانی‘‘ آئی سی سی کو ناگوار گزر سکتی ہے، اس کا ایتھکس کمیٹی کی جانب سے نوٹس لیے جانے کا امکان ہے۔