بھارتی فوجیوں کی مبینہ ہلاکت اورلاشیں مسخ کرنے کی کہانی میں نیا موڑ آ گیا، بھارت نے پاک فوج پر ایک اور بھونڈا الزام لگا ڈالا، پہلے بٹل سیکٹر میں بھارتی فوجیوں کی لاشوں کو مسخ کرنے کا الزام پاک فوج پر لگایا اور اب مفروضوں کی بنیادپر بھارتی وزیر دفاع نئی منطق لائے ہیں کہ پاک فوج نے اگر حملہ نہیں کیا تو حملہ آوروں کے فرار میں مدد کی۔
واضح رہے کہ آئی ایس پی آر بھارتی فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا الزام مستردکرچکا ہے، آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ پاک فوج نےکنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، بھارتی الزام بے بنیاد ہے۔ پاک فوج کےخلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام بھارت اب کھسیانی بلی کھمبانوچے کی مثال بن گیاہے۔ بھارت نے چند روز قبل پاکستانی فوج کےہاتھوں اپنے اہلکاروں کی موت کا من گھڑت فسانہ میڈیا کے سامنےحقیقت کے روپ میں پیش کرنےکی کوشش کی تھی، ثبوت نہ پیش کرسکا تو اب نئی کہانی سنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نےنئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے الزام لگایا کہ اگر پاک فوج نے حملہ نہیں کیا توحملہ آوروں کے فرارمیں مدددی ہوگی۔
آئی ایس پی آر بھارتی فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا الزام مستردکرچکاہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی حامل فوج ہے جو کسی بھی فوجی کی بے حرمتی نہیں کر سکتی چاہے وہ بھارتی ہی کیوں نہ ہو۔
پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ بھی ہوچکاہےجس میں ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر امن چاہتا ہے۔