افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ داعش حقیقت میں امریکا کی پیداوار ہے ۔ ننگرہار میں’مدرآف آل بمبز‘گرانا بھی امریکا اور داعش کی مشترکہ کارروائی تھی۔
ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق افغان صدر کا کہنا تھا کہ انہیں مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں کہ بغیر شناخت والےہیلی کاپٹر پاک افغان سرحد کے قریب سپلائی بیگزگرارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگجوؤں کے اثروررسوخ والے علاقوں میں مشکوک ہیلی کاپٹروں کی جانب سے سپلائی کا پہنچنا ایسا عمل ہے جس کا جواب امریکا کوضروردینا ہوگا۔ حامد کرزئی نے امریکا کی جانب سے دنیا کے سب سے بڑے بم گرائے جانے کو بھی داعش اور امریکا کی مشترکہ کارروائی قراردیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسا کیوں ہوا کہ حملے سے پہلے بیشتر داعش جنگجوؤں نے خاندان سمیت علاقہ خالی کر دیا تھا۔