لاہور: سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ حکمران کے وعدے اور دعوے سب جھوٹے نکلے اب یہ لاکھ کوشش کرلیں ان کا بچنا ناممکن ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے جب حکمرانوں کو ان کے عوام سے کئے گئے وعدے یاد کرائے تو وہ مشتعل ہوگئے جس پر حیرت ہوئی لیکن ہم حکمرانوں کووعدے یاد کراتے رہیں گے، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اورعوام کے حقوق کے لئے آوازبلند اور جدوجہد جاری رکھیں گے جب کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف ہمارا احتجاج چاروں صوبوں میں جاری رہے گا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے اور دعوے جھوٹے نکلے اب ملک کے حکمران بری طرح پھنس چکے ہیں اور یہ لاکھ کوششیں بھی کرلیں تو بچ نہیں سکیں گے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں حکومت مخالف اتحاد، احتجاج اور انتخابی تعاون کی حکمت عملی طے کی گئی اور پیپلز پارٹی نے پنجاب کی سطح پر سیاسی اتحاد پرغور شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے آصف زرداری نے پارٹی کے سینئر رہنماوں کوہدف دے دیا ہے۔