اسلام آباد(ایس ایم حسنین) امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک پاکستانی امریکی کاروباری شخصیت دلاور سید کو سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبے کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے عہدے کے لئے نامزد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق کیلی فورنیا میں مقیم دلاور سید ایک امریکی کمپنی لومیاٹا ٹیکنالوجی کے صدر اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر ہیں۔وائٹ ہاوس سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ لومیاٹا کمپنی کو قائم کرنے سے قبل سید فریش ورکس نامی کمپنی کے صدر تھے جہاں انہوں نے اس کمپنی کی سافٹ ویئر کی پراڈکٹس کو ہزاروں چھوٹے اور درمیانے درجے کی کمپنیوں تک پہنچایا۔ انہوں نے وفاقی، ریاستی اور مقامی سطح پر اقتصادی ترقی کی شرح نمو اور کاروبار میں جدت کے فروغ کے لیے بھی بہت سی کاوشوں میں حصہ لیا۔ دلاور سید نے کیلی فورنیا میں گورنر کی آنٹریپرونیورشپ ٹاسک فورس کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں ہیں جہاں انہوں نے ریاست کے ساحلی اور دیہی علاقوں میں کام کرنے والے سب کاروباروں کے درمیان روابط کے مواقعے بڑھانے کے لیے کام کیا۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس یا مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت عامہ کی یہ کمپنی صحت کی سہولتوں کی قیمتیں کم کرنے اور مریضوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے جدید طریقوں پر کام کر تی ہے۔ اپنی نامزدگی کے بعد سید نے کہا کہ یہ ان کے لیے باعث عزت ہے کہ صدر بائیڈن نے ان کا اس اہم پوزیشن کے لیے انتخاب کیا ہے۔ فیس بک پر اپنے ایک بیان میں دلاور سید نے کہا، کہ اگر سینیٹ اس عہدے کے لیے میری نامزدگی کی منظوری دیتی ہے تو میں دل و جان سے کاروبار کرنے والے لوگوں کے لئے مشکل کی اس گھڑی میں کام کروں گا ۔ مجھے اس بات کا ذاتی تجربہ ہے کہ کاروبار کو قائم کرنے کے لیے اکثر کئی مشکلات کے پیش نظر ہمت، حوصلہ اور محنت درکار ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ دلاور سید نے پینسلوینیا یونیورسٹی کے وارٹن سکول سے ایم بی اے کر رکھا ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے یونیورسٹی آف ٹیکساس سے اقتصادیات اور کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کی تھی۔ دلاور سید پاکستان سے اوہائیو کے ایک کالج میں پہلے سال کے طالبعلم کی حیثیت سے امریکہ آئے تھے۔
دلاور سید نے سابق صدر باراک اوباما کے قائم کردہ وائٹ ہاؤس کمیشن آن ایشیئن امیریکنز اینڈ پیسیفک آئی لینڈرز میں بھی خدمات انجام دیں۔ وہ وائٹ ہاوس کے اسی پروگرام کی اقتصادی افزائش کی کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔ اس پوزیشن پر کام کرتے ہوئے انہوں نے امریکی معیشت کی بحالی اور از سر نو سرمایہ کاری کے 2009 کے قانون کے منظور ہونے کے بعد امریکہ بھر میں چھوٹے درجے کے کاروباروں سے حکومت کے رابطے قائم کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس دور میں دلاور سید نے امریکہ کے محکمہ تجارت اور سمال بزنس ایڈمنیسٹریشن کے محکمے کے درمیان بھی ایک رابطہ کار کا کردار ادا کیا تھا۔