پاکستان فرانس میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ پاکستان اور فرانس کے عوام کے درمیان موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔
یہ بات سفیر پاکستان جناب معین الحق نے سٹریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقسیم انعامات کی تقریب جس میں بڑی تعداد میں کرکٹ کے شائقین شریک تھے سے خطاب کے دوران کہی۔ اس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ایسوسی ایشن آف ملٹی کلچرل اینڈ سپوٹس، سارسل فرانس نے گذشتہ روز کیا تھا۔
اس تقریب میں فرانسوا پاپونی، صدر، پاکستان فرانس دوستی گروپ قومی اسمبلی فرانس، جناب پیودو دالان صدر کرکٹ کلب فرانس اور جناب عمیر بیگ صدر ایسوسی ایشن آف ملٹی کلچرل اینڈ سپوٹس، سارسل نے بھی شرکت کی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے جناح چمپینز ٹرافی 2015 اور 2016 کے کامیاب انعقاد کے بعد فرانس میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ انہوں نے فرانس میں سٹریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کرانے پر ایسوسی ایشن آف ملٹی کلچرل اینڈ سپوٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی فرانس میں کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
جناب فرانسوا پاپونی، صدر پاکستان فرانس دوستی گروپ قومی اسمبلی فرانس نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے سٹریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کو پاکستان فرانس دوستی کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوانوں میں کھیل اور تعمیری مصروفیات کے رحجان کی ترغیب دینے کے علاوہ مختلف سماج اور ثقافت سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور بالخصوص نوجوانوں میں ایک دوسرے کو سمجھنے اور آپس میں تعمیری اور مثبت تعلقات استوار کرنے کی ترغیب بھی ملتی ہے۔
بعدازاں سفیر پاکستان اور جناب فرانسوا پاپونی نے جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کیئے۔ اس ٹورنامنٹ میں 24 ٹیموں نے حصہ لیا