فوجی عدالتوں کی جانب سے موت کی سزا پانے والے چار خطرناک دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی۔
یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں ،معصوم شہریوں کے قتل اور اہم تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آرکے اعلامیے کے مطابق پھانسی کی سزا پانے والوں میں قیصر خان، محمد عمر، قاری زبیر اور عزیز خان شا مل ہیں۔ ان تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا اور وہ دہشت گردی، معصوم شہریوں کے قتل ، اہم تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان چاروں دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہوا۔ مجرموں نے ٹرائل کورٹ کے علاوہ مجسٹریٹ کے روبرو بھی اپنے جرائم کا اعتراف کیا جس کے بعد انہیں سزا سنائی گئی۔