ڈومینیکا میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 101 رنز سے شکست دیدی ہے۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر65 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی۔ یہ سیریز پاکستان نے 1- 2 سے جیت لی ہے۔
میچ میں میزبان ٹیم کی جانب سے سیریز ہارنے سے بچنے کے لیے بھرپور مزاحمت کی گئی۔ میچ کے آخری لمحات میں قومی ٹیم کو کامیابی میچ ختم ہونے سے ایک اوور پہلے ملی، جب یاسر شاہ نے شینن گیبریئل کو بولڈ کردیا۔
پاکستان کےخلاف ویسٹ انڈیزدوسری اننگزمیں202رنزپرآل آؤٹ ہوگئی۔ روسٹن چیز 101 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ کریگ بریتھ ویٹ 6، کیرن پاؤل 4، شیمرون ہٹ مئیر 25، شائی ہوپ 17 ، جیسن ہولڈر 22، دیوندرا بشو 3، وشول سنگ 2 ،شین ڈاؤ رچ 2 اور الزاری جوزف5رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔
گرین شرٹس بولرز کی جانب سے یاسرشاہ نے 5 اور حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد عامر اور محمد عباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ کے آخری لمحات میں سنسنی اور دلچسپی اس وقت عروج پر تھی، جب ویسٹ انڈیز کی ایک وکٹ باقی رہ گئی تھی، تو پاکستان کی جانب سے آخری وکٹ کے لیے ریوئیو لیا گیا، جو پاکستان کے حق میں نہیں گیا تھا۔
اس کے بعد ایک اور ریوئیو میزبان ٹیم کی جانب سے لیا گیا، جب ایمپائر نے بیٹسمین کو آئوٹ دے دیا تھا اور پھریوئیو کے بعد میں اسے ناٹ آئوٹ قرار دیا گیا تھا ۔لیکن اسی اوور میں2 گیندوں بعد ہی یاسر شاہ نے شینن گیبرئیل کی وکٹ حاصل کرکے پاکستان کو میچ میں فتح سے ہمکنار کیا۔
ڈومینیکا میں مصباح اور یونس نے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ کو فیصلہ کن اور تاریخی سیریز جیت کرسیریز کو یادگار بنا دیا۔ مصباح الحق پاکستان کو گیارہ سیریز جتوا کر ایشیا کے کامیاب ترین کپتان بن گئے۔
میچ میں جیت کے ساتھ ہی کھلاڑیوں نےگرائونڈ میں مصباح اور یونس کو کندھوں پر اٹھالیا، سب نے ہاتھ میں پاکستانی پرچم تھام کر خوب لہرایا اور گرائونڈ میں چکر بھی لگائے۔ پاکستان کی تاریخی فتح پر بیٹسمین نمبر ون یونس خان نے مصباح کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔
سیریز کے اختتام پر پاکستان ٹیم گرائونڈ میں سیریز کی ٹرافی دی گئی، جس کے ساتھ تمام کھلاڑیوں نے گروپ فوٹو بنوایا۔ یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے میچ کی دوسری اننگ میں گیاروہیں بار 5وکٹ لیے اور سیریز میں 25 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ روسٹن چیز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔