ممبئی: سلمان خان جتنے غصے کے تیز ہیں اتنے ہی جذباتی بھی ہیں یہی وجہ ہے کہ کئی معاملات میں ان کا ردعمل عام آدمی جیسا ہوتا ہے اور ایسا ہی ٹیوب لائٹ کی شوٹنگ اور صدابندی کے دوران ہوا جب وہ کہانی میں آنے والے اتار چڑھاؤ پر جذباتی ہوکر رونے لگتے تھے۔
ممبئی میں ٹیوب لائٹ کے پہلے ٹریلر کے اجرا کی تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان خان کا کہنا تھا کہ جب میں جیل میں تھا تو ایک دن مجھ سے میرے والدین اور انکل ملنے آئے تو میں انہیں دیکھ کر رونے لگا جس پر میرے والد سلیم خان نے مجھے کہا کہ تم کیسے پٹھان ہو جو رورہے ہو۔ میں بہت محدود اداکاری کرنے والا اداکار ہوں اس لیے جلد ہی جذباتی بھی ہوجاتا ہوں۔
سلمان خان نے کہا کہ ٹیوب لائٹ کی کہانی جذبات سے بھرپور ہے، اس میں میرے بھائی کا کردار سہیل خان نے نبھایا ہے جو میرا حقیقی بھائی ہے، اس لیے وہ باربار جذباتی ہوجاتے تھے۔ نا صرف شوٹنگ کے دوران بلکہ فلم کی ڈبنگ کے دوران بھی اکثر میری آنکھوں میں آنسو آجاتے تھے۔ واضح رہے کہ سلمان خان کی ٹیوب لائٹ عید الفطر میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔