ممبئی: چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان سے میچ بھارت کے حواس پرسوار ہوگیا، شائقین کے ساتھ سابق کرکٹرز بھی اتوار کا انتظار کرنے لگے۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور دوسرے کھلاڑیوں کی جانب سے باربار یہ دعویٰ کیا جارہاہے کہ پاکستان سے میچ بھی دوسرے مقابلوں کی طرح ایک میچ ہے اور اس کا ان پر کوئی بھی دباؤ نہیں مگر دوسری جانب صورتحال یہ ہے کہ بھارت میں شدت سے اتوار کے روز کا انتظار کیا جارہا ہے جب روایتی حریف ایک دوسرے کے خلاف برمنگھم میں میدان سنبھالیں گے۔ شائقین اس مقابلے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی اپنی بیتابی کا خوب اظہار کررہے ہیں تو دوسری جانب سابق کھلاڑیوں سے بھی چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے معرکے میں دلچسپی چھپائے نہیں چھپ رہی ہے۔
لکشمن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں مقابلہ ایونٹ کا ہائی وولٹیج میچ ہوگا، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان جب بھی میچ ہوتا ہے اس میں کافی شدت پائی جاتی ہے، اس بار دونوں ٹیمیں برمنگھم کے ہاؤس فل اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے خلاف میدان سنبھالیں گی، انھوں نے اس میچ میں حسب توقع اپنی ہی ٹیم کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے کھلاڑی اپنی توانائیوں کے مطابق کھیلے تو جیت جائیں گے۔ پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کے حوالے سے لکشمن کا کہنا تھا کہ میں خود ہمیشہ پاکستان کے خلاف کھیل کر لطف اندوز ہوا ہوں لیکن باہمی سیریز کے حوالے سے ہمیں اپنی حکومت کے فیصلے کااحترام کرنا چاہیے۔ دوسری جانب ٹویٹر پر الٹی سیدھی ٹویٹس کرنے والے وریندر سہواگ سے بھی پاکستان کے ساتھ میچ کا انتظار نہیں ہورہا، انھوں نے ٹویٹ کیا کہ’’ اگر آپ سے بھی میری طرح 4 جون کا انتظار نہیں ہورہا تو ری ٹویٹ کریں اور یہ بھی بتائیں کہ اس اہم ترین معرکے کو دیکھنے کے لیے آپ نے کیا تیاری کی ہے‘‘۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کے ساتھ بھارت کے وارم اپ میچ کے دوران وریندر سہواگ نے ٹویٹرپر ہرزہ سرائی کی تھی جس کے جواب میں شائقین نے انھیں آئینہ دکھادیا تھا۔