برطانیہ پر ہو گی کس کی حکمرانی، فیصلے کی گھڑی آن پہنچی۔ عام انتخابات کیلئے میدان آج لگے گا، 650 حلقوں میں تین ہزار سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں جبکہ کنزرویٹو اور لیبر پارٹیز میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
لندن: برطانیہ میں عام انتخابات کے لیے پولنگ آج ہو گی، 650 نشستوں پر درجنوں سیاسی جماعتوں کے تین ہزار تین سو تین امیدوار میدان میں ہیں۔ کسی بھی پارٹی کو حکومت بنانے کیلئے 326 سیٹوں کی ضرورت ہے۔ انتخابات میں 4 کروڑ 63 لاکھ 54 ہزار کے قریب ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔
برطانوی سیاست میں دائیں بازو کی کنزرویٹو پارٹی اور بائیں بازو کی لیبر پارٹی کومرکزی حیثیت حاصل ہے جبکہ دیگر جماعتوں میں اسکاٹش نیشنل پارٹی، لبرل ڈیموکریٹس، ڈیموکریٹک یونیینسٹ، یوکپ، گرین پارٹی اور ایس ڈی ایل پی شامل ہیں۔ اس بار برطانیہ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایک ہزار کے قریب خواتین امیدوار حصہ لے رہی ہیں۔ لیبر پارٹی نے اپنی 41 فیصد سیٹوں کے لئے خواتین کو نامزد کیا ہے، اسکاٹش نیشنل پارٹی نے 33 فیصد، لبرل ڈیموکریٹس نے 30 فیصد اور حکمران جماعت کنزر ویٹیو پارٹی نے 29 فیصد سیٹوں پر خواتین کو ٹکٹ دیئے ہیں۔ ان خواتین امیدواروں میں وزیراعظم ٹریزامے بھی شامل ہیں۔