لندن: آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے بھارت کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔
لندن میں کھیلے گئے گروپ بی کے آٹھویں میچ میں بھارت نے شیکھر دھون کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 321 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا نے 322 رنز کا مطلوبہ ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر ایک اوور پہلے ہی پورا کرلیا۔ سری لنکا کی جانب سے نروشان ڈکویلا اور دانوشکا گوناتھیلاکا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈکویلا صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ گوناتھیلاکا نے کوشال مینڈس کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شاندار شراکت قائم کی لیکن بدقسمتی سے دونوں کھلاڑی بالترتیب 76 اور 89 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ کپتان اینجلا میتھیوز اور کوسل پریرا نے چوتھی وکٹ کیلیے 75 رنز کی شراکت قائم کی مگر پریرا ٹانگ میں تکلیف کے باعث 47 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تاہم کپتان وکٹ پر ڈٹے رہے اور 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا جب کہ گناراتنے نے 34 رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
اس سے قبل سری لنکن کپتان اینجلیو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور روہت شرما نے ٹیم کو 138 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا اور سری لنکن ٹیم کو پہلی کامیابی کے لیئے 25 ویں اوور کا انتظار کرنا پڑا جب روہت شرما 78 رنز بنا کرملینگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ روہت شرما نے شیکھردھون کے ساتھ مل کر 138 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ دوسری وکٹ کے لیئے آئی لینڈرز کو زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بغیر کوئی رنز بنائے پردیپ کا شکار ہوگئے جبکہ پاکستان کے خلاف فیصلہ کن اننگز کھیلنے والے یووراج سنگھ 179 کے مجموعی اسکور پر صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے،انہیں گونارتنے نے کلین بولڈ کیا۔
اس موقع پرشیکھردھون نے وکٹ کے ایک اینڈ کو سنبھالے رکھا اور مہندا سنگھ دھونی کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران انہوں نے شاندارسینچری بھی مکمل کی اور وہ 125 رنز بنا کرملینگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ دھونی نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستانی بولر عماد وسیم کو لگاتار تین چھکے مارنے والے ہارڈک پانڈیا صرف 9 ہی رنز بناسکے جب کہ کیدار جادیو نے 13 گیندوں پر 25 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 2 جب کہ لکمل، پردیب، پریرا اور گناراٹنے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کی جیت کے بعد گروپ بی کے اگلے میچز انتہائی اہمیت کے حامل ہوگئے ہیں اور دونوں میچز کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کرگئے ہیں جب کہ جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی اور ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔ واضح رہے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا اگلا مقابلہ سری لنکا جب کہ بھارت کا مقابلہ جنوی افریقا سے ہوگا۔