اسلام آباد: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 8 کروڑ 64 لاکھ ڈالر مالیت کے قرضے کامعاہدہ طے پاگیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کی جانب سے معاہدے پر سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق پاشا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ژیا ہانگ یانگ نے دستخط کیے۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار، خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی سکندر شیرپاؤ، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے تجارت و صنعت عبدالکریم بھی موجود تھے۔ منصوبے کے تحت تقریباً 65 کلومیٹر نئی آبپاشی نہروں اور پائپ لائنوں کے ذریعے پانی سپلائی کی جائے گی۔ اس سے صوابی اور نوشہرہ کے اضلاع میں 8727 ایکڑ اراضی سیراب ہو گی اور 75 ہزار افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ منصوبے جون 2023 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہتے ہوئے اس معاہدے پر حکومت خیبر پختونخوا، اقتصادی امور ڈویژن اور اے ڈی بی کو مبارکباد دی۔