سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے والے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اپنی عمدہ کارکردگی سے ایک نیا ریارڈ بھی بنا دیا۔سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 162 رنز پر سات وکٹوں سے محروم ہونے والی پاکستانی ٹیم کو محمد عامر کے ساتھ مل کر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔انہوں نے نقابل شکست 61 رنز کی اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے کے ساتھ ساتھ نیا ریکارڈ بھی بنا دیا۔آج سے قبل پاکستان کے کسی بھی کپتان نے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے 50 رنز یا اس سے زائد اسکور نہیں کیے تھے اور عمران خان کے 1992 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہدف کے تعاقب میں بنائے گئے 44 رنز سب سے بڑا اسکور تھا۔
سرفراز احمد نے 79 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔
مزید دلچسپ ریکارڈز
اس میچ میں پاکستان کے شعیب ملک نے اپنے کیریئر کا 250واں ون ڈے میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، وہ پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ انجام دینے والے 10ویں کھلاڑی ہیں۔
پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 10 اوورز کے کوٹے میں تیم میڈن کراتے ہوئے 40 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔یہ چار سال بعد پہلا موقع تھا کہ پاکستان کی جانب سے کسی کھلاڑی نے ایک ون ڈے میچ میں تین میڈن کرائے ہوں۔اس سے قبل یہ کارنامہ 2013 میں سابق مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے انجام دیا تھا جب انہوں نے ویسٹ انڈٰز کے خلاف صرف 12 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔