لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کرکٹر خالد لطیف کی سنگل جج کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔
لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کرکٹر خالد لطیف کی سنگل جج کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی ، کرکٹر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ نے قانونی نکات کو مدنظر رکھے بغیر ہی انکی درخواست مسترد کر دی جس میں اینٹی کرپشن ٹربیونل کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا تھا ، پی سی بی کے لیگل ایڈوائزر نے نشاندہی کی کہ عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز کئے تھے مگر جواب نہیں آیا۔
خالد لطیف کے وکیل نے استدعا کی کہ وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کا جواب آنے تک عدالت اینٹی کرپشن ٹربیونل کی کارروائی کیخلاف حکم امتناعی جاری کرے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹربیونل کی کارروائی کو نہیں روکا جا سکتا ، عدالت نے ٹربیونل کی کارروائی تاحکم ثانی روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو 10جولائی کو طلب کر لیا اور پی سی بی اور وزارت کھیل سمیت دیگر فریقین کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔