چیمپینز ٹرافی جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہے،وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کا مختلف شہروں میں شاندار استقبال کیا گیا، ان کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا جارہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہر کھلاڑی کو دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا، اب وزیراعظم نے ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کردیا ہے۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو دس دس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت کھلاڑیوں میں 29 ملین روپے کے بونسز اور مراعات بھی تقسیم کی جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان، ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور دیگر عہدیداران نے انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی کا تاج اپنے سر پر سجانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد د ی۔انہوں نے کپتان سرفراز احمد سمیت تمام کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے کردار کو سراہا۔چیئرمین پی سی بی نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے دس دس لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت کھلاڑیوں کو 29 ملین روپے کے بونسز اور مراعات ملیں گی۔