لیسٹر: ویمنز ورلڈکپ سے قبل پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے چودہ طبق روشن کردیے، نین عابدی اور بسمہ معروف کی شاندار بیٹنگ نے گرین شرٹس کو 5 وکٹ سے فتح دلادی، 247 رنزکا ہدف 14 بالز قبل ہی حاصل کرلیا، نین عابدی 81 رنز پر ناقابل شکست رہیں، بسمہ نے 75 رنز بنائے۔ کیریبیئن ٹیم کی جانب سے 9 کھلاڑیوں نے بولنگ کی۔ دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلوی ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 103 رنز سے مات دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل پاکستان خواتین ٹیم نے ویسٹ انڈیز جیسی مضبوط سائیڈ کو وارم اپ مقابلے میں پچھاڑ کر بلند عزائم کا اظہار کردیا ہے، 247 رنز کا ہدف اس نے 47.4 اوورز میں 5 وکٹ پر حاصل کیا۔ فاتح سائیڈ کی جانب سے نین عابدی نے ناقابل شکست 81 رنز بنائے، انھوںنے 86 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکے بھی رسید کیے۔ بسمہ معروف نے 80 بالز پر 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جوکہ 9 چوکوں سے مزین تھی۔ اوپنر عائشہ ظفر نے رن آؤٹ ہونے سے قبل 29 رنز کے ساتھ حصہ ڈالا۔ ویسٹ انڈیز نے مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو گیند تھمائی تاہم صرف شامیلا کونیل 2 اور اسٹیفنی ٹیلر ایک وکٹ لے پائیں۔ اس سے پہلے ویسٹ انڈین خواتین نے 7 وکٹ پر 246 رنز بنائے فیلیشیا والٹرز 59 اور میریسا اگوئلیریا 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
ثنا میر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے میچ میں 325 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والی جنوبی افریقی ویمنزٹیم آخری اوور کی تیسری گیند پر 221 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، تریشا شیٹھی نے62 اورڈین وان نیکریک نے 54 رنز بنائے، جیس جوناسین نے 3 اور بیلنڈا واکاریوا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 324 رنز بنائے، الیسے ویلانی نے سب سے زیادہ 137رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں، انھوں نے 112 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 7 چھکے اور 13 چوکے رسید کیے۔ الیسی پیری 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔آیا بونگاکھاکا نے دو وکٹیںلیں۔