کراچی: گوگل نے پاکستان کے نامور مصور صادقین کو ان کے یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پاکستان کے معروف مصور، خطاط اور کیلی گرافر سید صادقین احمد 30 جون 1930 کو بھارت کے شہر امروہا میں پیدا ہوئے اور آپ کا تعلق بھی ایک خطاط فیملی سے تھا۔ آپ نے 1940 کے عشرے میں ترقی پسند رائٹرز اینڈ آرٹسٹ مومنٹ میں شمولیت اختیار کی لیکن آپ کے اصل ٹیلنٹ کو حسین شہید سہروردی نے متعارف کروایا۔ صادقین نے اپنے فن میں نکھار پیدا کرنے کے لئے کچھ وقت پیرس میں بھی گزارا اور آپ کو جنوبی ایشیا میں ایک آئیکونک مصور کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ گوگل نے پاکستان کے اس عظیم مصور کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اپنا ڈوڈل تبدیل کیا ہے۔
واضح رہے کہ صادقین کو ان کی فنی خدمات کے پیش نظر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، تمغہ حسن کارکردگی اور ستازہ امتیاز جیسے بڑے قومی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ آپ کی فنی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور آپ کے نام سے کراچی میں صادقین انسٹیٹیوٹ بھی قائم ہے۔