ممبئی: بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان نے بیٹی کی بالی ووڈ میں انٹری کے حوالے سے اپنا گزشتہ بیان بدلتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنی بیٹی سارہ کے شوبز میں آنے پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ وہ اس کا بھرپورساتھ دیں گے۔
بالی ووڈ کے ناموراداکار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان شوبز کے دیگر ستاروں کے بچوں کی طرح بالی ووڈ میں اپنا مستقبل بنانے کی خواہشمند ہیں اوراسی لیے انہوں نے ہدایت کارابھیشیک کپور کی فلم ’’کیدارناتھ‘‘ سائن کی ہے جس میں ان کے مقابل سشانت سنگھ راجپوت مرکزی کردارادا کریں گے تاہم چند روز قبل سیف علی خان نے بیٹی کے اداکارہ بننے پرناپسندیدگی کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں سارہ کا شوبزمیں کیرئیر بنانا بالکل پسند نہیں.
سیف علی خان کے اس بیان پربھارتی انڈسٹری میں نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا اورتمام لوگوں کے ساتھ سیف کی سابقہ بیوی امریتا سنگھ نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خوب تنقید کی تھی۔ سیف نے اپنی پہلی بیوی کی تنقید سے تنگ آکر بیان بدلتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے سارہ کے شوبزمیں انٹری دینے کے بیان کو میڈیا نے توڑمروڑکر پیش کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کا کہنا ہے کہ سارہ کے مستقبل کے حوالے سے میری اورامریتا کی سوچ ایک ہی ہے، حالانکہ اس بارے میں ہمارے درمیان ابھی تک کوئی بات نہیں ہوئی، سارہ کو جس چیز سے خوشی حاصل ہوتی ہے اسے وہی کرنا چاہئے میں نے اپنی بیٹی کے ساتھ اس کے شوبز میں ڈیبیو کے حوالے سے تفصیلی بات کی ہے اوراگروہ اداکاری کے شعبے کو اپنانا چاہتی ہے تو میرا بھرپور ساتھ اس کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی بیٹی کی پہلی فلم کو لے کر میں خوش ہونے کے ساتھ بہت نروس بھی ہوں تاہم میڈیا میں چلنے والی رپورٹس جن میں میرے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کیا گیا تھا،لہٰذا میں نے اپنے بیان کی وضاحت ضروری سمجھی۔