لاہور: پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلیے حکومت سے 2 کروڑ روپے کی گرانٹ وصول کرلی، عالمی کپ شارجہ اور پاکستان میں 10 سے 25 جنوری تک کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے50 ملین کی رقم درکار ہے، باقی رقم پنجاب حکومت اور اسپانسرز سے پوری کی جائے گی، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے ہمیں 2 کروڑ روپے کی گرانٹ مل گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر8 ٹیمیں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال شرکت کریں گی۔ 4 ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کیلیے راضی ہیں، تاہم باقی ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے سے عدم تحفظ کا شکار ہیں، ورلڈ کپ کے انعقاد کو ہر حال میں ممکن بنانے کیلیے پاکستان بلائنڈکرکٹ کونسل نے شارجہ کو نیوٹرل وینیو بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان میں ہی ہوگا، ان کاکہنا تھاکہ پاکستان ٹیم کا انتخاب سید سلمان بخاری کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی میرٹ پرکریگی۔