متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القوین کے ایک ریسٹوریٹ کو نسوار فروخت کرنے پر بند کردیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں نسوار اور پان فروخت کرنے پر پابندی عائد ہے اس کے باوجود غیرقانونی طورپر اس کی فروخت جاری ہے جس کی شکایات موصول ہونے پر محکمہ اقتصادی ترقی کی ٹیم نے ایک ریسٹوریٹ سے نسوار برآمد کرتے ہوئے اسے سیل کردیا۔ محکمہ اقتصادی ترقی کی انسداد منشیات ٹیم نے عوامی شکایت پر ریاست ام القوین کے ریسٹوریٹ میں چھاپہ مارتے ہوئے بھاری مقدار میں نسوار برآمد کرلی۔ انسداد منشیات ٹیم نے ریسٹوریٹ کو سیل کرتے ہوئے چند ملازمین کو حراست میں لے لیا۔
محکمہ اقتصادی ترقی کے اسٹاف انسپکٹر سیف سلیم کے مطابق ریسٹوریٹ میں نسوار کی فروخت سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد چھاپہ مار کارروائی کے دوران وہاں سے نسوار کی بھاری مقدار برآمد کی گئی ہے جب کہ ریسٹورینٹ میں نسوار کی فی پڑیا 3 درہم میں فروخت کی جارہی تھی۔ خیال رہے کہ آرٹیکل 66 کے تحت نسوار اور پان کو انسانی صحت کے لئے مضر قرار دیا تھا جب کہ مقامی حکم نامہ نمبر 2003/23 کے تحت نسوار پر پابندی عائد کی گئی جب کہ ہدایت نامہ نمبر 2003/11 کے تحت پان کو مضر صحت قرار دیا گیا تھا۔