عالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈینو سمیت 8 انٹرنیشنل فٹبالر آج پاکستان پہنچیں گے جب کہ ان کی آمد کے سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
پاکستان آنے والے فٹبالرز میں برازیل سے تعلق رکھنے والے رونالڈینو اور انگلینڈ کے رائن گگز کے علاوہ رابرٹو کارلوس، ڈیوڈ جیمز، جارج بوٹینگ، رابرٹ پیریس، لوئس با مورٹے اور نکولس اینلکا شامل ہیں۔ غیرملکی فٹبالرز 2 نمائشی میچز ہفتہ اور اتوار کو کھیلیں گے جس کا اہتمام کراچی اور لاہور میں کیا گیا ہے۔ غیر ملکی اور مقامی کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیمیں بنائی جائیں گی جب کہ پاکستانی کھلاڑیوں کا انتخاب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے میچز میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
نمائشی میچز میں ایک ٹیم 7 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جب کہ ایک ٹیم کی قیادت رونالڈینو اور دوسری ٹیم رائن گگز کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل معیار کا اسٹیڈیم نہ ہونے کی وجہ سے پہلا نمائشی میچ کراچی کے ہاکی کلب اسٹیڈیم اور دوسرا میچ لاہور کے فور ٹریس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ دونوں میچز میں سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کے ذمے ہے۔ پاکستان کے انٹرنیشنل فٹبالر کلیم اللہ بھی ان 2 نمائشی میچوں میں حصہ لیں گے جس کے لیے وہ خصوصی طور پر امریکا سے پاکستان آئے ہیں جو ان دنوں امریکا میں فٹبال لیگ کھیل رہے تھے۔