کٹھ پتلی انتظامیہ نے شہید کمانڈر برہان وانی کی برسی پر جنت نظیر وادی کو چھاؤنی میں بدل دیا، قابض فوج نے برہان وانی کی قبر کا محاصرہ کر لیا، شہید کے والد کو بھی ہراساں کیا، شوپیاں میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے 9 افراد کو زخمی کر دیا۔
سری نگر: حریت کمانڈر برہان وانی کی برسی پر بھارتی فوج نے ظلم کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ ترال میں برہان کے والد مظفر وانی کو بیٹے کی قبر پر جانے سے روک دیا گیا اور گھر میں دعائیہ تقریب کے سلسلے میں لگے ٹینٹ بھی اکھاڑ دیئے گئے۔ شوپیاں میں بھارت کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں فائرنگ سے 9 افراد زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج وادی بھر میں نکالی گئی ریلیوں کو روکنے کے لئے طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔ گھروں سے نکلنے والے کشمیریوں کو بھارتی فوج تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی فوج نے وادی کو چھاؤنی میں بدل دیا ہے۔ ترال جانے والے تمام راستوں، شہید کی قبر اور عید گاہ جہاں وانی کی نماز جنازہ پڑھی گئی تھی، وہاں بھی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ موبائل اور انٹر نیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔ کشمیریوں نے وادی میں برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بینرز لگا دیئے ہیں۔