مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے کریک ڈاؤن کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈ گام کے علاقے رادبگ میں قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی اور کریک ڈاؤن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت جاوید شیخ، داؤد احمد اور عاقب گل کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوران مارے جانے والے نوجوانوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا جنہیں سیکیورٹی فورسز نے ایک گھر پر چھاپے کے دوران مقابلے کے بعد ہلاک کیا۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے کریک ڈاؤن اور بربریت کے خلاف مسلسل پانچویں روز شوپیاں کے علاقے میں ہڑتال کا سماں ہے۔ خیال رہے کہ تحریک آزادی کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے وادی بھر میں قابض بھارتی سیکیورٹی فورسز کے خلاف کشمیریوں کے احتجاج میں مزید شدت آگئی ہے۔