اسلام آباد: مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین نے دفاع پاکستان کونسل کی شہدائے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط، غیر مقروض، ناقابل تسخیر پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے، جدوجہد آزادی کشمیر سے غداری کرنیوالوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر عبدالرحمان مکی، متحدہ جہاد کونسل کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین، ن لیگ کے مرکزی رہنما ظفر علی شاہ، آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف کوآرڈینیٹر احمد رضا قصوری، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، ہدیۃ الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی، انصار الامۃ کے امیر مولانا فضل الرحمن خلیل، تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمن، جمعیت المجاہدین کے امیر جنرل عبداللہ، آل پاٹیز حریت کانفرنس کے رہنما محمود احمد ساگر، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما مولانا عبدالجلیل نقشبندی، جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی ودیگر نے مرکز قباء آئی ایٹ سے متصل گراؤنڈ میں دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا ایمان اور کلمہ کا رشتہ ہے، بھارت کتنے وانی مارے گا کشمیر کا بچہ بچہ برہان وانی بنے گا، حافظ سعید کو چوبیس گھنٹوں کے اندر رہا کیا جائے، کشمیری غیور قوم ہے جس نے ہمیشہ سینے پر گولی کھائی، کشمیریوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق بندوق اٹھائی، 2017 کشمیر کی آزادی کا سال ہے، کشمیر کے حوالہ سے حکومت اپنی دوٹوک پالیسی واضح کرے، شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، حافظ سعید کی نظربندی اور سید صلاح الدین کو دہشتگرد قرار دینے سے تحریک آزادی کمزور نہیں ہوگی، مودی سن لے اب کشمیر کی آزادی قریب ہے، پاکستان کتنے حافظ سعید نظر بند کریگا پاکستان کا بچہ بچہ حافظ سعید بن چکا
واضح رہے کہ کانفرنس میں جڑواں شہروں سے تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ، کشمیر بنے گا پاکستان، سید علی گیلانی سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ، حافظ محمد سعید کا کیا پیغام کشمیر بنے گا پاکستان و دیگر نعرے لگائے گئے، شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے۔