بالی ووڈ کی 6 سو سے زائد فلموں کیلئے ساڑھے تین ہزار سے زائد گانے لکھے ، پہلا فلمی نغمہ 1958 ء میں فلم ” بھلا آدمی ” کیلئے لکھا
ممبئی: بالی ووڈ میں فلمی گانوں کو ایک نیا رحجان دینے والے نغمہ نگار آنند بخشی کا ستاسی واں یوم پیدائش ہے ۔ انہوں نے چھ سو زائد فلموں کے لئے ساڑھے تین ہزار گانے لکھے۔
بالی ووڈ کے صف اول کے نغمہ نگار آنند بخشی اکیس جولائی انیس سو تیس کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ انہیں بچپن سے ہی شاعری کا شوق تھا، انہوں نے پہلا نغمہ 1958 میں فلم بھلا آدمی کیلئے لکھا جس کے بول تھے دھرتی کے لال نہ کر اتنا ملال انیس سو پینسٹھ میں فلم جب جب پھول کھلے کے گانے پردیسیوں سے نہ اکھیاں ملانا نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
انیس سو ستر کی دہائی ان کے عروج کا زمانہ تھا ۔ انہوں نے شعلے، مہاچور ، چرس، امر پریم، ارادھنا، کٹی پتنگ، سیتا اور گیتا، کھلونا، بوبی، آیا ساون جھوم کے، دھرم ویر، جولی، دشمن، ستم شیوم سندرم اور جینے کی راہ جیسی سپرہٹ فلموں کے گیت لکھے ۔ آنند 30 مارچ 2002 کو ممبئی میں انتقال کرگئے۔