لاہور: نجم سیٹھی کو چیئرمین منتخب کرنے کیلیے ٹیم تیار ہوگئی،گورننگ بورڈ کے 3نئے ریجنل ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، چوتھے کا فیصلہ فاٹا کا الیکشن مکمل ہونے پر ہوگا، سوئی سدرن گیس کی نمائندگی کرنل(ر) صہیب کریں گے، حبیب بینک کی طرف سے نامزدگی کا انتظار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے گورننگ بورڈ کے نئے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، خواجہ ندیم احمد لاہور، مراد علی کوئٹہ اور نعمان بٹ سیالکوٹ کی نمائندگی کرینگے، چوتھے ممبر کا فیصلہ فاٹا ریجن کے الیکشن کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ہوگا،لاہور کو 9سال بعد گورننگ بورڈ کا حصہ بننے کا موقع ملا، ایل سی سی اے کے سابق صدر عامر حیات خان روکھڑی 2008 میں رکن بنے تھے، اب خواجہ ندیم کو یہ اعزاز حاصل ہوا، وہ 2010 اور 2014 کے بعد تیسری بار ایل سی سی اے کی صدارت کے امیدوار ہیں۔
پی سی بی گورننگ بورڈ میں چار ریجنز کیساتھ اتنے ہی ڈپارٹمنٹس بھی شامل ہوں گے، منصور مسعود خان یونائیٹڈ بینک، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین واپڈااورکرنل(ر) صہیب سوئی سدرن گیس کی نمائندگی کرینگے، حبیب بینک کی طرف سے تاحال کوئی نامزدگی سامنے نہیں آئی البتہ صدر نعمان ڈار کا نام لیا جارہا ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نااہل ہونے والے نواز شریف نے وزارت عظمی چھوڑنے سے قبل بطور چیف پیٹرن پی سی بی نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کو نامزد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا، نیا گورننگ بورڈ 9اگست کو ہونے والے اجلاس میں پی سی بی کا نیا چیئرمین منتخب کرے گا، نجم سیٹھی یہ عہدہ سنبھالنے کیلیے راہ ہموار کرچکے ہیں۔