شہریار خان کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیرمین منتخب ہوگئے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران پی سی بی چیرمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز میں شامل 9 ممبران تھے جن کے ووٹ کے بعد چیرمین پی سی بی کا انتخاب کیا جانا تھا تاہم نجم سیٹھی کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا۔ دوسری جانب پی سی بی حکام کے مطابق نجم سیٹھی نے چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے طور پر ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں اور انہوں نے گورننگ بورڈ کےاجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر نجم سیٹھینے گورننگ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اتروں گا، پاکستان کرکٹ کی بہتری کےلیےہمیں مل کر کام کرنا ہے۔ نجم سیٹھی پہلے بھی چیرمین پی سی بی کے عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔