لاہور: پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو پہلا ہدف قرار دیا ہے۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کل سری لنکا روانہ ہو رہا ہوں جہاں سری لنکن ٹیم اور انڈر 19 کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات ہوگی، انہوں نے بتایا کہ ورلڈ الیون کے پاکستان آنے کے حوالے سے جائلز کلارک، اینڈی فلاور اور ڈیوڈ رچرڈسن سے بات چیت جاری ہے، امید ہے جلد ہی معاملات طے پا جائیں گے۔ ینگ ٹیلنٹ کو پروموٹ کیا جائے گا اور نئے چہرے سامنے آئیں گے، ویمن کرکٹ کی حالیہ کارکردی مایوس کن رہی، اس حوالے سے جلد نیا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئین کے اندر نہیں لکھا کہ گورننگ بورڈ میں کرکٹر ہی ہوں، کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ میرے اور شہریار خان کے درمیان دراڑیں آئیں گی تاہم ایسا کچھ نہیں ہوا، سپورٹ کرنے پر میڈیا اور شہریار خان کا شکرگزار ہوں۔