گروس آئیلٹ: کیریبیئن پریمیئر لیگ میں کامران اکمل کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا۔
رواں برس کے آغاز پر پاکستان سپر لیگ میں شاندار پرفارمنس کی بدولت مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز پانے والے کامران اکمل کیریبیئن پریمیئر لیگ میں بری طرح ناکام ثابت ہو رہے ہیں، ان کی مشکلات کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہیں۔ گذشتہ روز گیانا ایمازون واریئرز کے خلاف میچ میں بھی سینٹ لوشیا اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ فقط دو رنزہی بناپائے، راشد خان کی گیند کو باہر نکل کرنے کھیلنے کی کوشش میں وہ اسٹمپڈ ہوئے، اب تک پانچ میچز میں انھوں نے 5.80 کی مایوس کن اوسط سے 29 رنز بنائے ہیں۔ ان کی ٹیم نے اس مقابلے میں 8 وکٹ پر 152 رنز جوڑے جس میں جانسن چارلس کے 53 اورشین واٹسن نے 32 رنز بھی شامل تھے۔ ریاد ایمرٹ نے 4 جبکہ راشد خان نے اپنے 4 اوورز میں صرف 9 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں گیانا ایمازون واریئرز نے 4 وکٹ پر ایک گیند قبل ہی ہدف حاصل کرلیا، جیسن محمد 38، گجنند سنگھ 35 اور والٹن 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کامران اکمل کے کزن بابر اعظم صرف 12 رنز پر آؤٹ ہوئے، وہ بھی اب تک چار میچز میں کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھا پائے، انھوں نے 14 کی ایوریج سے 56 رنز بنائے ہیں۔ یہ ایمازون واریئرز کی 4 میچز میں پہلی کامیابی ہے جبکہ اسٹارز اپنے پانچویں مقابلے میں بھی خالی ہاتھ رہے۔