کراچی: کورنگی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ایس ایس پی کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ عمر شاہد کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کراچی کے علاقے کورنگی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی تو ایک گھر میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ عمر شاہد کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان مفتی شاکر گروپ سے تھا جب کہ ان کے ٹھکانے سے پمفلٹ بھی ملے ہیں۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد کورنگی اور ابو الحسن اصفہانی روڈ پر پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے جب کہ دہشت گرد شہر میں عبادت گاہوں اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہی تھے۔