شاہراہ فیصل پر ترقیاتی کاموں کے جائزہ کے دوران میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہکا کہنا تھا کہ ائیرپورٹ سے قائد آباد تک کے ایم سی کے تحت کام کو دیکھنے آیا تھا، ائیرپورٹ سے قائدآباد تک روڈ کا کام کاغذات میں مکمل ہوگیا ہے مگر عملی طور پر نہیں ہوا جب کہ کے ایم سی کو منصوبے کے تمام فنڈز جاری کردیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ منزل پمپ فلائی اوور پر کام سے مطمئن ہوں اور فلائی اوور کا این ای ڈی یونی ورسٹی کے ماہرین سے معائنہ کرایا ہے، ترقیاتی کاموں کی رفتار سے مطمئن نہیں ہوں لہذا چاہوں گا کہ کے ایم سی کاموں کے معیار پر توجہ دے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہر میں پولیس کی ٹارگٹ کلنگ پر افسوس ہے، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کی نشاندہی ہوگئی ہے اور حالیہ قتل کے واقعات میں ملوث ایک گینگ کو پکڑا بھی ہے جب کہ باقی دہشت گردوں تک بھی جلد پہنچیں گے۔