counter easy hit

چوکوں اور چھکوں کی برسات کیلیے پاور ہٹنگ پریکٹس شروع

لاہور: ورلڈ الیون سے سیریز میں چوکوں، چھکوں کی برسات کیلیے بھرپور پاورہٹنگ پریکٹس شروع ہوگئی۔

Power hitting practice started for raining fours and sixes

Power hitting practice started for raining fours and sixes

ورلڈ الیون سے سیریز کی تیاری کیلیے پاکستانی ٹیم کی مشقوں کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا، پہلے روز قذافی اسٹیڈیم کاگراؤنڈ گیلا ہونے کی وجہ سے صرف فیلڈنگ تک محدود رہنے والے کرکٹرز نے دوسرے روز صبح 9بجے شروع ہونے والے پہلے سیشن میں بیٹنگ اور بولنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کاکام کیا،اس مقصد کیلیے انھیں گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا،میدان کے وسط میں پریکٹس کیلیے مختص کی گئی دونوں پچز پر پیسرز جبکہ اطراف میں اسپنرز کی بولنگ کا سامنا کیا گیا، سب سے طویل بیٹنگ سیشن سرفراز احمد نے کیا۔

فخر زمان، احمد شہزاد،بابر اعظم، عمرامین اورفہیم اشرف کے ساتھ ٹیل اینڈرز نے بھی پاور ہٹنگ کی پریکٹس کرتے ہوئے خود کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ہم آہنگ کیا، شعیب ملک آخر میں بیٹنگ کیلیے آئے اور پٹھے میں کھچاؤ کی وجہ سے مشکل میں دکھائی دیے، بولرز کو رنزروکنے کا ٹاسک دیا گیا تھا، حسن علی خاصے پُرجوش تھے، سہیل خان بھرپور فارم میں نظر نہیں آئے۔ بیٹنگ اور بولنگ سے فارغ کرکٹرز کو اسٹیورکسن نے فیلڈنگ میں مصروف رکھتے ہوئے کیچز کی بھرپور پریکٹس کرائی، شام کو تمام کھلاڑیوں نے این سی اے میں انڈور ٹریننگ جاری رکھی۔

دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، میدان سے اضافی گھاس کاٹی جا چکی،وسط میں ایک پچ مکمل طور پر تیاردیگر2پر کام جاری ہے،اطراف کی سڑکوں پر کارپٹنگ بھی کرلی گئی،لیسکو نے سیریز کے دوران قذافی اسٹیڈیم اور اطراف میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا، اس کے باوجود جنریٹرز کا انتظام کرلیا گیا ہے، نشتر پارک کو دن کی طرح روشن رکھنے کیلیے راستوں میں بھی لائٹس کی تنصیب ہو رہی ہے۔

ادھر ورلڈ الیون میں شامل پلیئرز کی دبئی آمد کا سلسلہ رات تک جاری رہا، آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ نے پہنچنے پر مختصر پیغام میں کہا ’’ سلام پاکستان، دبئی میں ٹریننگ سیشن کے بعد جلد لاہور آرہا ہوں، شائقین تیار ہوجائیں، ان سے وہاں میدان میں ملاقات ہوگی۔‘‘ سری لنکن آل راؤنڈر تھشارا پریرا نے بھی دبئی میں کیمپ جوائن کرنے کے بعد اپنے پیغام میں کہا ’’ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ بننے پر خوش اور پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کیلیے پُرجوش ہوں۔‘‘

شیڈول کے مطابق پاکستان آمد سے قبل مہمان ٹیم 2 روز تک دبئی میں قیام کرے گی، ہفتے کو اینڈی فلاور اور ڈیرن سیمی دورئہ پاکستان کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کریں گے،اتوار کوورلڈ الیون کا اسکواڈ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گا،ہاشم آملا اور گرانٹ ایلوئیٹ کی پریس کانفرنس طے ہے، کھلاڑیوں کی لاہور آمد11ستمبرکو ہوگی، اگلے روز قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹی ٹوئنٹی ہوگا۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون 14کرکٹرز پر مشتمل ہے، دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملا، سیموئل بدری، جارج بیلی، پال کولنگ ووڈ، بین کٹنگ، گرانٹ ایلوئٹ، تمیم اقبال، ڈیوڈ ملر، مورن مورکل، ٹم پین، تھشارا پریرا، ڈیرن سیمی اور عمران طاہر شامل ہیں۔ اینڈی فلاور کوچ جبکہ ول کوئن منیجر کے طور پر اسکواڈ کے ہمراہ ہونگے۔