جے پور: بھارتی ریاست راجستھان میں پولیس گردی کے خلاف ہنگامے پھوٹ پڑے جن میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے علاقے رام گنج میں مشتعل شہریوں کی بڑی تعداد پولیس گردی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی اور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کرتے ہوئے موبائلز سمیت کئی گاڑیوں کو نذر آتش کردیا اور متعدد کے شیشے توڑ دیے جب کہ سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ مشتعل افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم صورت حال اتنی زیادہ بگڑ گئی ہے کہ انتظامیہ نے چار تھانوں کی حدود میں کرفیو نافذ کردیا ہے، جب کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے اور اسکولوں کو بھی غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تنازع معمولی بات پر شروع ہوا جو فسادات کی شکل اختیار کرگیا۔ شہری پولیس کی روز روز کی زیادتیوں سے تنگ آئے ہوئے تھے لیکن لاوا اس وقت پھٹ گیا جب گزشتہ شب پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار ایک معمر جوڑے سے بدتمیزی کی۔ اس پر آس پاس موجود شہریوں کی پولیس سے تلخ کلامی ہوئی جو زبردست تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں گہرے دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے محاصرہ کرلیا ہے، جب کہ پولیس کے خوف کا یہ عالم ہے کہ اس نے لوگوں کو تھانوں سے دور رکھنے کے لیے اسٹریٹ لائٹس کی بجلی منقطع کردی ہے اور مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔