سری نگر: بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور طاقت کے نشے میں چور بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران سیکڑوں کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو پیلٹ گن کے ذریعے آنکھوں کی روشنی سے محروم کیا جاچکا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کےمطابق بھارتی فوج کی تازہ وحشیانہ کارروائی میں مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے۔
میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا اور اس دوران 2 نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، شہدا کی شناخت احمد وانی اور داؤد الٰہی خان کے نام سے ہوئی۔ کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد کلگام میں مکمل ہڑتال ہے جب کہ قابض انتظامیہ نے کلگام میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی۔ واضح رہے کہ عید الاضحیٰ کے روز بھی قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان شہید ہوا تھا۔