لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ نہ ملنے پر پنجاب حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ عام کرنے کا حکم دیا تھا تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے رپورٹ کو عام نہیں کیا گیا جب کہ رپورٹ کے حصول کے لیے کل عوامی تحریک کے کارکنان نے سول سیکریٹریٹ کے باہر دھرنا بھی دیا تھا اور خرم نواز گنڈا پور نے پنجاب حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جیونیوز کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وزیر قانون راناثناء اللہ اور سیکریٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ متاثرین نے سیکریٹری داخلہ سے رابطہ کیا مگر رپورٹ نہیں دی گئی۔ واضح رہےکہ جون 2014 میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پیش آنے والے واقعے میں پاکستان عوامی تحریک کے 14 کارکنان جاں بحق ہوئے تھے جس پر جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن نے انکوائری کی تھی تاہم اس انکوائری رپورٹ کو عام نہیں کیا گیا۔