راولپنڈی: خیبر ایجنسی میں چیک پوسٹ پر فائرنگ سے پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرایجنسی میں راجگال کے علاقے میں قائم چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے سرحد پار سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی عمر 22 سال تھی جب کہ راجگال میں جس پوسٹ پر فائرنگ کی گئی اسے حال ہی میں قائم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پاک فوج نے حال ہی میں خیبرایجنسی کے علاقے راجگال میں آپریشن خیبر فور مکمل کیا ہے۔