بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ’’اداکار‘‘ کہنے والے پرکاش راج مشکل میں پھنس گئے۔
راج پرکاش نے معروف صحافی گوری لنکیش کے قتل پر خاموشی اختیار کرنے والے نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’’اداکار‘‘ کہا تھا۔ بھارتی وزیراعظم کے خلاف بیان دینے پر لکھنئو کی عدالت میں پانچ نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکار پرکاش راج کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اداکار پرکاش راج نے صحافی گوری لنکیش کے قتل پر 3 اکتوبر کو تقریب کے دوران کہا تھا کہ گوری لنکیش کے قاتل کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ پرکاش راج نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر صحافی کے قتل پر خوشیاں منائی جارہی ہیں اور نفرت انگیز بیانات کی تشہیر ہورہی ہے۔ ادکار پرکاش نے کہا تھا کہ گوری لنکیش کے قتل پر خوشیاں منانے والوں نے ٹوئٹر پر وزیراعظم نریندر مودی کو فالو کر رکھا ہے اور ہمارے وزیراعظم وہ ہیں جنہوں نے اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ اداکار کے بیان کے خلاف ایک وکیل نے لکھنو کی عدالت سے رجوع کیا جہاں درخواست کی منظوری کے بعد پرکاش راج کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔کیس کی سماعت 7 اکتوبر کو ہوگی۔