اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قراردیئے گئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مسلم لیگ (ن) کے صدر کےطور پر انتخاب کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
مخدوم نیاز انقلابی ایڈوکیٹ کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں وفاقی سیکرٹری قانون، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن، چیف الیکشن کمشنر، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 قومی مفاد کے برعکس اورآئین سے متصادم ہے، اس لیے عدالت عالیہ الیکشن ایکٹ کو منسوخ کر دے اور نواز شریف کو درخواست کے فیصلے تک بطور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے سے روکا جائے۔ واضح رہے کہ حکومت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے الیکشن بل ایکٹ 2017 منظور کرایا تھا جس کے تحت نااہلی کی مدت 5 سال اور نااہل قرار دیئے گئے شخص پر سے پارٹی عہدہ نہ رکھنے کی شرط ہٹادی دی گئی ہے، اسی ایکٹ کے تحت نواز شریف اپنی پارٹی کے دوبارہ صدر منتخب کئے گئے ہیں۔