لاہور: ترقیاتی سکیموں میں سیوریج سسٹم، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گراؤنڈز بہتر بنانا، ٹائلز،لائٹس لگانا اور صاف پانی کی فراہمی شامل، لاہور ڈویژن کیلئے 1 ارب 83 کروڑ 75 لاکھ روپے کے فنڈز کا اجرا، کلثوم نواز، ایاز صادق، سعد رفیق کے حلقے زیادہ مستفید ہونگے۔
پنجاب حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اعلان کردہ 3380 سکیموں کیلئے 10ارب 87کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دئیے، محکمہ خزانہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ترقیاتی سکیموں میں سیوریج سسٹم، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گراؤنڈز کو بہتر بنانا، ٹائلز، لائٹس لگانا اور صاف پانی کی فراہمی شامل ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے احکامات دئیے ہیں کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے اعلان کردہ منصوبوں کو فوری مکمل کیا جائے، یہ فنڈز وزرا اور ارکان اسمبلی کے حلقوں کے ترقیاتی کاموں کیلئے بھی استعمال ہونگے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ڈویژن کو 1 ارب 83 کروڑ 75 لاکھ روپے، بہاولپور ڈویژن کیلئے ایک ارب 10 کروڑ 25 لاکھ روپے، ڈیرہ غازیخان ڈویژن کیلئے 88 کروڑ 20 لاکھ روپے۔ فیصل آباد ڈویژن کیلئے 1 ارب 47 کروڑ روپے، گوجرانوالہ ڈویژن کیلئے 1 ارب 69 کروڑ روپے، راولپنڈی ڈویژن کیلئے 1 ارب 2 کروڑ روپے، ساہیوال ڈویژن کیلئے 88 کروڑ 20 لاکھ روپے، سرگودھا ڈویژن کیلئے 80 کروڑ 85 لاکھ روپے اور ملتان ڈویژن کیلئے 1 ارب 17 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ لاہو ر ڈویژن کیلئے سب سے زیادہ فنڈز جاری کئے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق لاہور میں زیادہ تر فنڈ ز بیگم کلثوم نواز، سپیکر ایاز صادق اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے حلقے پر خرچ کئے جائینگے۔