لاہور: اپنی لازوال اداکاری کی بدولت مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والے اداکار سلیم ناصر کو مداحوں سے بچھڑے 28 برس بیت گئے۔
15 نومبر 1944ء کو بھارت کے شہر ناگپور میں پیدا ہونے والے سلیم ناصر قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز چھوٹے پردے سے کیا اور ہر قسم کے کردار کو بخوبی نبھا کر ناظرین سے داد وصول کی۔ ان کے مقبول ڈراموں میں دستک، نشان حیدر (کیپٹن سرور شہید)، آخری چٹان، یانصیب کلینک، بندش اور ان کہی شامل ہیں۔ لیکن انور مقصود کے تحریر کردہ ’’آنگن ٹیڑھا‘‘ میں ’’اکبر‘‘ کے کردار نے انہیں امر کردیا۔
ڈرامہ سیریل ’’ان کہی‘‘ سے اگر سلیم ناصر کے کردار ’’ماموں‘‘ کو ہٹا دیا جائے تو ڈرامے کی اصل روح ختم ہوجاتی ہے۔ ڈرامہ سیریل ’’نشان حیدر‘‘ میں کیپٹن سرور شہید کے کردار کو بھی سلیم ناصر نے بخوبی نبھایا۔ اس کے علاوہ ڈرامہ سیریل ’’آخری چٹان‘‘ میں سلطان جلال الدین خوارزم شاہ کا کردار نبھا کر انہوں نے خود کو بہترین اداکار ثابت کیا۔ سلیم ناصر نے ٹی وی کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی فلم ’’زیب النسا‘‘ بھی شامل ہے۔ سلیم ناصر کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں ملک کے اعلٰی ترین ’’صدارتی حسن کارکردگی ایوارڈ‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ سلیم ناصر 19 اکتوبر 1989ء کو صرف 45 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ آج ان کی وفات کو 28 برس کا طویل عرصہ بیت گیا ہے لیکن ان کے ادا کئے گئے کردار آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔