لاہور: نامور پاکستانی اداکارہ میرا کی ان کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان کے ساتھ تنسیخ نکاح کے کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میرا نے کہا کہ انہیں عدالتوں پر پورا یقین ہے، جس طرح آج حاضر ہوئی ہوں بالکل اسی طرح اگلی پیشی پر بھی خود ہی آؤں گی، اداکارہ نے کہا کہ انہیں عدالت کے فیصلے کا انتظار ہے۔ عدالت میں پیشی کے موقعے پر میرا بہت خوشگوار موڈ میں نظر آئیں، میڈیا سے گفتگو کے دوران وہ اپنے مداحوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتی رہیں اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنواتی رہیں۔ اس موقعے پرمیرا نے اپنے لاس اینجلس کے سفر کے بارے میں نہایت خوشگوار اندازمیں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا لاس اینجلس کا سفر بہت کامیاب رہا ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ میرا کے خلاف کیس 2008 سے زیر سماعت ہے، دوروز قبل فیملی کورٹ کی جج بشریٰ خالد نے عتیق الرحمان کے وکلا کو حتمی بحث کی ہدایت کی تھی جب کہ میرا کے وکیل نے عدالت سے درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔








