اسلام آباد: مولانا فضل الرحمن سے ملاقات جامع تھی،اہم معاملات پر بات چیت کی گئی، عمر زاخیل وال افغان سفیر کی امریکی ہم منصب ڈیوڈہیل سے بھی ملاقات، افغان صورتحال پر تبادلہ خیال
جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کے ایک دن بعد پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال نے پیر کو اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور ان سے افغانستان میں امن اور طالبان سے مذاکرات کے سلسلے میں مدد مانگ لی۔ ملاقات میں افغانستان کے نائب سفیر زردشت شمس بھی شریک تھے۔
عمر زاخیل وال نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ان کی ملاقات جامع تھی، جس میں اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔ افغان ذرائع نے بتایا کہ افغان سفیر کی پاکستانی مذہبی رہنمائوں کیساتھ ملاقاتوں کا بنیادی مقصد افغانستان میں جاری لڑائی کیخلاف ان کے بیانات کے ذریعے حمایت حاصل کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق کا طالبان پر اثرو رسوخ موجود ہے اور افغان سفیر کی جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں سے ملاقاتیں اسی تناظر میں کی گئی ہیں۔ دریں اثنا افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے بھی ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔