امریکی وزیر خا رجہ کی بھارت آمد سے پہلے مودی سرکار نے بھارتی انٹیلی جنس بیورو کے سابق سربراہ دنیشور شرما کو مقبوضہ کشمیر کے لیے مذاکرات کار مقرر کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت نے انٹیلی جنس بیورو کے سابق سربراہ دنیشور شرما کو کشمیر کے لئے مذاکرات کار مقرر کیا ہے جو آئندہ چند روز میں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے۔ دنیشور شرما کا کہنا ہے کہ کشمیر میں امن بحال ہونا چاہیے اور کوئی حل نکالنے کے لئے تمام لوگوں سے بات کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص سے بات کرنے کی ضرورت ہے، امید ہے کہ بھارتی حکومت کے اعتماد اور لوگوں کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ دوسری جانب بھارتی اخبار کا دعویٰ ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے حریت رہنماؤں سے پہلے ہی غیر رسمی بات چیت کی جا رہی ہے جب کہ کشمیر کے لئے مقرر کئے گئے مذاکرات کار دنیشور شرما نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے بھی ملاقات کی ہے۔