لاہور: ایک بیڈ پر تین تین مریض ہیں، مریض ادویات اور آپریشن کاسامان بھی باہر سے خریدنے پر مجبورہیں: تحریک التوا کا متن
صوبائی دارلحکومت لاہور کے سروسز ہسپتال میں بیڈز کی کمی کے معاملے پر تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے تشویش کا اظہار کر دیا، پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی گئی۔ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود اور پیپلزپارٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی تحاریک التواء میں کہا گیا ہے کہ صوبائی دارلحکومت کے اہم ترین ہسپتال سروسز میں بیڈز کی شدید قلت کاسامنا ہے۔ مریض ادویات اور آپریشن کا سامان باہر سے خریدنے پر مجبور ہیں، ایم ایس سروسز ہسپتال مسائل پر قابو پانے میں ناکام ہیں۔ تحریک میں توجہ دلائی گئی ہے کہ ایک بیڈ پر تین تین مریضوں کو ڈالا جانے لگا ہے، ایک مریض کو ایک بیڈ کیلئے ایک ماہ کے بعد آنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ اعلی حکام فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں۔ معاملے کو پنجاب اسمبلی کے ایوان میں زیر بحث لانے کے لئے با ضابطہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک جمع کرا دی گئی ہے۔