ممبئی: بالی وڈ اداکار کمل ہاسن نے کہا ہے کہ میڈیا نے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور اسکی غلط تشریح کی گئی۔
بھارت میں جب بھی کسی فنکار نے ہندو انتہاپسندوں کو سچ کا آئینہ دکھانے کی کوشش کی تو اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ماضی میں بالی ووڈ پر راج کرنیوالے عامر خان اور شاہ رخ خان کو بھی ہندو انتہاپسندی سے متعلق اپنے بیانات واپس لینا پڑے اور اب یہی کچھ ہوا ہندی فلم انڈسٹری کے سپر سٹار کمل ہاسن کیساتھ جنہوں نے انتہاپسند ہندوؤں کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارکمل ہاسن نے ہندو انتہاپسندی سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جبکہ میرے اس بیان کی غلط تشریح کی گئی۔ انہوں نے کہا مجھے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہندوؤں سے متعلق میرے کسی بھی بیان سے خاندان میں موجود ہندوؤں کی توہین نہ ہو۔ واضح رہے کمل ہاسن نے کہا تھا ہندو انتہاپسندوں نے اپنے مخالفین کو طاقت کے ذریعے کچلنا شروع کردیا ہے جبکہ ان کے اس بیان پر ایک وکیل نے ان کیخلاف مقدمہ دائر کررکھا ہے جس کوعدالت نے سماعت کیلئے منظور کرلیا ہے۔